کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مئیرشپ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فوری انتخابات کروائے جائیں، ہائیکورٹ میں ہماری یہی کوشش ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے،پیپلز پارٹی فراڈ کے ذریعے اپنی اکثریت ثابت کرنا چاہتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے11 نشستوں پر چیئرمین، وائس چیئرمین کے بلدیاتی عمل کو مکمل کروانے کیلے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیاہے، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جعلی آر او ،ڈی آر او سے دھاندلی کروائی جارہی ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ یہاں الیکشن نا ہوں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جب الیکشن کرواتے ہیں تو پیپلز پارٹی والے الیکشن کمیشن کے ساتھ ملک دھاندلی کرواتے ہیں، 10 مارچ کو دھرنا دینے جارہے ہیں، کراچی کی ڈویلپمنٹ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی فرمائش پر الیکشن کمیشن انکے نمبر آگے کرکے دکھا رہے ہیں، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی، سالوں سے الیکشن کرانے کےلئے لڑتے رہے الیکشن ہوگئے لیکن دوسرا مر حلہ پورا نہیں ہوسکا، انتخاب ہوگیا ہے لیکن ابھی تک ہاوس مکمل نہیں ہوسکا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے،ہم نے آج درخواست دائر کی ہے کہ گیارہ حلقوں میں بھی فوری طور پر الیکشن کرائیں جائیں، الیکشن کے بعد اب نتائج کو روکا جارہا ہے، الیکشن کمیشن سندھ حکومت کا ساتھ دے رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 11 نشستوں پر چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات نہیں ہوئے تھے، ان یوسیز میں امیدواروں کے انتقال اور دیگر وجوہات کی بنا پر انتخابات نہیں ہوئے تھے، گیارہ نشستوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا گیا، الیکشن کمیشن گیارہ نشستوں پر انتخابات کرانے سے گریز کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن فوری گیارہ نشستوں پر انتخابات کرانے کا حکم دے، الیکشن کمیشن کو آئین کی پاسداری کرنی چاہیے۔

