اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے امریکہ میں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے ایک اور لابنگ فرم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ پرائے کنسلٹنٹ کے ساتھ معاہدے کا مقصد تحریک انصاف کے امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا ہے۔ ”سازشی سائفر”میں ناکامی کے بعد اب زور و شور سے ڈالرز میں اثر و رسوخ خرید ا جا رہا۔
ان خیالات کا اظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ فرم تحریک انصاف کے رہنمائوں کی امریکہ کے ”ڈسیشن میکرز”کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کرے گی اور ان ملاقاتوں کے مواد کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کو رہنمائی فراہم کرے گی۔ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات دائو پر لگا کر یہ اپنی تشہیر کیلئے مسلسل لابنگ کمپنیز کی خدمات لے رہے ہیں؟
شیری رحمان نے کہا کہ انہوں نے من گھڑت بیرونی سازش کا بیانیہ بنایاتاہم آڈیو لیکس میں ثابت ہوا یہ اپنی ذاتی سیاست کیلئے پاکستان کے مفادات کے ساتھ “کھیلنے”کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ان کا دوہرا معیار اور یو ٹرن کئی بار بے نقاب ہو چکے ہیں۔ عمران خان کو ان معاہدوں کے حوالے سے قوم کو وضاحت پیش کرنی ہوگی۔

