کراچی: وقفے وفقے سے جاری بارش اور خراب موسم کے باعث شہر قائد سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے جب کہ سی اے اے نے تمام چھوٹے طیاروں کو پرواز سے روک دیا ہے۔
کراچی میں جمعرات کی صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ موسم کی خرابی کے باعث جہاں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن متاثر ہوا ہے وہیں سی اے اے نے تمام ایوی ایشن کمپنیز کو الرٹ جاری کرتے ہوئے چھوٹے طیاروں کو پرواز کرنے سے روک دیا ہے۔
ذرائع سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن نے تمام ایوی ایشن کمپنیز کو احتیاط کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے تیز ہواؤں کے باعث چھوٹے طیاروں کو ونگز سے وزن باندھ کر پارک کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بارش کے دوران سیسنا جیسے چھوٹے طیاروں کو مشکلات ہوتی ہیں۔
سی اے اے نے متعلقہ شعبے کو محفوظ فلائٹ آپریشن کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بارش اور موسم کی خرابی کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے اور کئی پروازیں تاخیر کا شکارہوگئیں۔پروازوں کی کئی کئی گھنٹے کی تاخیر کے باعث ایئرپورٹ پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

