
بغداد:عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے ملک میں پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک پانی کے ایک “غیر معمولی” بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
عراقی صدر نے خبردار کیا کہ یہ خوراک کے تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے اور “خطرناک” شرح سے نقل مکانی کا سبب بن رہا ہے،صدر رشید نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس کے دوران کہا کہ “پڑوسی ممالک کی آبی پالیسیوں کی وجہ سے بنیادی آبی وسائل میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔
عراقی صدر نے کہا کہ پانی کی کمی عراق میں زرعی خوراک کے نظام، ماحولیاتی نظام اور سماجی استحکام کے لیے خطرات کا باعث ہے، پانی کے بحران کے پائیدار حل تلاش کرنے کی فوری ضرورت ہے، توقع ہے کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے ان کے ملک کی پانی کی ضروریات اگلی دہائی میں بڑھ جائیں گی۔
