لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی 8 روز بعد واپس گھر پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔
اظہر مشوانی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں اللہ کے فضل سے بخیر و عافیت اپنے گھر آگیا ہوں اور ان 8 روز میں آپ لوگوں کی دعاوں ، کاوشوں اور حمایت نے مجھے ہمیشہ کے لیے مقروض کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے ہمارے دیگر گرفتار کارکنان بھی جلد اپنے اپنے خاندانوں کے ساتھ افطار میں شامل ہوں۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اظہر مشوانی کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی اور ابھی کچھ جگہوں پر احتجاج کا آغاز ہوا ہی تھا کہ اظہر مشوانی نے ٹوئٹر کے ذریعے اطلاع دی کہ میں گھر پہنچ گیا ہوں۔پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کو 23 مارچ کو زمان پارک جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اٹھا لیا تھا۔
یاد رہے کہ اظہر مشوانی کو نامعلوم افراد کی طرف سے اٹھانے پر ان کی اہلیہ نے چیف جسٹس پاکستان کو از خود نوٹس لینے کے لیے خط بھی لکھا تھا جبکہ عمران خان نے بھی اس پر آواز اٹھائی تھی۔

