اسلام آباد: آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر اور پاکستان کے لیے جائزہ مشن کے سربراہ جہاد آزور نے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف سطح کا معاہدہ جلد طے ہوجائے گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد سے زوم کے ذریعے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے موسم بہار کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کی جس کی سربراہی مسٹر جہاد ازور ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا (ایم سی ڈی) کر رہے تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا نے اسلام آباد سے زوم اجلاس میں شرکت کی جب کہ امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن واشنگٹن میں اجلاس میں موجود تھے۔
فریقین نے آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے ساتھ ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی بات چیت اور پیشگی اقدامات پر عمل درآمد بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شرکا کو آگاہ کیا کہ مقامی اہم وعدوں کی وجہ سے وزیراعظم نے انہیں پاکستان میں رہنے کو کہا ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنا واشنگٹن ڈی سی کا طے شدہ دورہ منسوخ کرنا پڑا اور اس لیے وہ زوم کے ذریعے آئی ایم ایف/ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے آئی ایم ایف ٹیم کو ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ملک میں میکرو اکنامک استحکام لانے کے لیے حکومت پاکستان کے وژن کا مزید اشتراک کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کا واحد پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا جو ان کے گزشتہ وزیر خزانہ کے دور میں تھا۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کے سربراہ جہاد ازور نے کہا کہ حکومت پاکستان کے اقدامات پر آئی ایم ایف کو اعتماد ہے، آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد اسٹاف لیول معاہدے پر جلد ہی دستخط ہوجائیں گے، جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ منظوری دے گا۔

