دفتر خارجہ نے پیر کو کہا کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر تنازعات سے متاثرہ سوڈان سے تقریباً تمام ایک ہزار پاکستانیوں کو نکال لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان میں پھنسے مزید 93 پاکستانی انخلاء کے چوتھے بیچ میں ملک پہنچ چکے ہیں۔بیان کے مطابق، کل 636 پھنسے ہوئے پاکستانی پاکستان ایئر فورس کی پانچ خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ کے راستے کراچی پہنچے۔
انخلاء کی تازہ ترین کھیپ کے ساتھ، اب تک 729 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے۔دفترِ خارجہ اس ماہ کے شروع میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے جنگی زون میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
سوڈان میں موجود پاکستانیوں کو پہلے پورٹ سوڈان سے نکالا جاتا ہے اور پھر جدہ منتقل کیا جاتا ہے جہاں پاکستان ایئر فورس انہیں وطن واپس لا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سوڈان میں 15 اپریل کو فوج کے سربراہ عبدالفتاح البرہان کی وفادار افواج اور ان کے حریف محمد حمدان ڈگلو کے درمیان لڑائی شروع ہوئی، جو طاقتور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کی کمانڈ کرتے ہیں۔ان جھڑپوں میں اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
