پشاور: پی ٹی آئی نے اے این پی کی بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملکی سیاسی حالات اور انتخابات سے متعلق اے این پی نے کل جماعتی کانفرنس 3 مئی کو طلب کررکھی ہے، جس کے لیے تحریک انصاف کو بھی دعوت دی گئی تھی، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے کانفرنس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس پی ڈی ایم جماعتوں کی ہے تو اس میں ہمارا مؤقف کیسے سنا جائے گا۔ اس لیے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمارا موقف واضح ہے کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے اور پھر بات کو آگے بڑھایا جائے۔
واضح رہے کہ اے این پی نے شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کے ذریعے پی ٹی آئی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔اس کے علاوہ اے این پی نے زمان پارک جا کر عمران خان کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
