English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ماسکو ڈرون حملے میں ملوث ہونے کی امریکی تردید ، الزام مضحکہ خیزقرار

القمر

واشنگٹن: امریکا نے روس کے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر دیا ہے کہ وہ کریملن کے خلاف ڈرون حملے کا ذمے دار ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹ  کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے بدھ کے روز ہونے والے حملے میں امریکا کے ملوث ہونے کی تردید کی اور زور دے کر کہا کہ واشنگٹن کو اس کی تفصیلات کا بھی علم نہیں ہے کہ کیا ہوا۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کربی کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے کہ یہ ایک مضحکہ خیز دعویٰ ہے، امریکا کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ وہاں کیا ہوا، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اس میں امریکا کا کوئی کردار نہیں تھا۔

کربی نے کہا کہ پیسکوف جھوٹ بول رہا تھا، امریکا جنگ کو یوکرین کے میدان جنگ تک محدود رکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا یوکرین کے لیے اپنی امداد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور جب تک ضروری ہوئی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ فیصلہ یوکرین پر چھوڑتے ہیں کہ وہ کس طرح اپنا دفاع کرے گا اور وہ اس سے چھینے گئے علاقے کو کس طرح واپس لینے کی کوشش کرے گا۔

واضح رہے کہ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ یوکرین کا ایک اہم اتحادی امریکا بلا شبہ اس حملے کے پیچھے تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے