English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کینیڈا اور چین میں کشیدگی، سفارتکاروں کی ملک بدری کا اعلان

القمر

اوٹاوا،بیجنگ: چین نے کینیڈا کی جانب سے سفارتکار کو ملک بدر کیے جانے کے ردعمل میں شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکار جینیفر لالونڈے کو ملک بدرکرنے کا اعلان کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے  کے مطابق بیجنگ کی وزارت خارجہ نے آن لائن شائع ہونے والے ایک انگریزی بیان میں کینیڈا کی سفارتکار جینیفر لالونڈے کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر کہا کہ چین مزید ردعمل کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکار جینیفر لین لالونڈے کو 13 مئی تک چین چھوڑنے کو کہا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ چین اس بات(کینیڈا سے چینی سفارتکار کی ملک بدری) کی سختی سے مذمت اور مخالفت کرتا ہے اور کینیڈا سے شدید احتجاج کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کینیڈا کے غیر اخلاقی اقدام کے ردعمل میں جوابی اقدام کے طور پر، چین نے شنگھائی میں کینیڈا کے قونصلیٹ جنرل کی قونصل جینیفر لالونڈے کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

قبل ازیں کینیڈا نے کہا تھا کہ وہ ایک چینی سفارت کار کو ملک بدر کر دے گا، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بیجنگ پر تنقید کرنے والے ایک کینیڈین قانون ساز کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی تھی۔

کینیڈا میں مقیم چینی سفارت کار ژاو وی کو ملک بدر کیے جانے کے حوالے سے کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اس عزم پر قائم ہیں کہ ہماری جمہوریت کا دفاع انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔میلانیا جولی نے مزید کہا کہ کینیڈا میں غیر ملکی سفارت کاروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ اس قسم کے رویے میں ملوث ہوئے تو انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس تازہ ترین اقدام سے چین اور کینیڈا کے پہلے سے ہی کشیدہ تعلقات میں مزید تلخی آگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے