لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ـجس میں9مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث اصل ملزموں کی نشاندہی کرنے والے افراد کیلئے نقدانعامات کی منظوری دی گئی، اجلاس میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے کے نامزد ملزموں کی غیر قانونی سہولت کاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیااورملزموںکو غیر معمولی سہولت کار ی بہم پہنچانے پر ایک جج کے خلاف آفیشل ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ نامزد ملزموں کی غیر قانونی اورغیر آئینی سہولت کاری کا فیصلہ چیلنج بھی کیا جائے گا، اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ نامزد ملزموں کی سہولت کاری انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر لاہورڈویژن کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم آج زمان پارک جائے گی۔
محسن نقوی نے شرپسندوں کے خلاف درج کیسز کی بھرپور پیروی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ کمشنرز اور آرپی اوز پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ خود میٹنگ کریں، نگران وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ مفرور شرپسندو ں کی جلد ازجلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی تنصیبات اورعوامی اثاثوں پر حملہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، مذموم منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردی کی گئی۔