ریاض:امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر بات چیت کی گئی ۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ 3روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ، ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا ہے،تقریبا ایک گھنٹہ 40منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں سوڈان سے امریکیوں کے انخلا کے لیے سعودی عرب کی حمایت، یمن میں سیاسی مذاکرات کی ضرورت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے امکانات سمیت مختلف موضوعات پر بات ہوئی۔
انٹونی بلنکن سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر سعودی حکام سے ملاقات کے علاوہ ریاض میں اسلامک سٹیٹ مخالف اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے ، چھ ممالک پر مشتمل جی سی سی میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے بعد بلنکن کا یہ پہلا دورہ ہے، جسے مغرب اس کی متنازعہ جوہری سرگرمیوں اور علاقائی تنازعات میں ملوث سمجھتا ہے۔
