لاہور: پی ٹی آئی کے منحرف رہنما جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی جماعت بنا لی، جس کا نام اب منظر عام پر آ گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی پارٹی کا نام فائنل کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی عون چودھری نے بتایا کہ جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کا نام ‘‘استحکام پاکستان’’ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں ارکان کو پارٹی کے نام سے آگاہ کردیا جائے گا۔
دوسری جانب جہانگیر ترین کی جمعہ کے روز پی ٹی آئی کے سابق اراکین اور رہنماؤں کے ساتھ اہم پریس کانفرنس متوقع ہے جس میں وہ ممکنہ طور پر نئی سیاسی جماعت اور اس کے منشور کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
