اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 5 ارب ڈالر سے بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اتحادی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے سنگین خطرے سے بچایا، پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا اور ہم اس کی پابندی کریں گے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، عمران خان کو 9 مئی کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے کہنے پر فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے، موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 13 اگست کو مکمل ہو رہی ہے لیکن بغیر کسی ٹھوس وجوہات کے پی ٹی آئی قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہی تھی اگر انہیں قومی اسمبلی کی تحلیل میں اتنی دلچسپی تھی تو انہوں نے اپنی مدت کے دوران ایسا کیوں نہیں کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دی تاکہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے پرامن تصفیہ پر پہنچ سکیں کیونکہ پی ٹی آئی نے دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کردی تھیں ، اب انہوں نے دو اسمبلیاں تحلیل کیں، پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور ماضی میں کچھ عناصر کی جانب سے یہ بے بنیاد الزام تراشی ہوتی رہی کہ پنجاب نے اقتدار پر اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے۔