شیرانی:بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے 4 اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور مارا گیا۔پولیس کی جانب سے حملہ آور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ میں سول لائن پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ ہوا ہے۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔
وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دانہ سر کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں۔