راولپنڈی: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگست کا پہلا ہفتہ ہی بہت اہم ہوگا اور سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا، ان کی گوٹی پھنس گئی ہے اور یہ گوٹی ایسی پھنسی ہے کہ ان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 مہینوں میں حکومت نے ایک تنکا نہیں توڑا اس آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے، بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 مہینے میں نہیں لا سکے اب خدا جانتا ہے نواز شریف کس حال میں اور کب آئے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا وہ ٹریلر ہی چلا اور فلم سنسر بورڈ نے پاس نہیں کی، اب یہ پانچ آدمیوں کے نام جو دے رہے ہیں یہ نام اتنی آسانی سے سنسر بورڈ میں پاس نہیں ہوں گے۔
