کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 19روپے 95پیسے کے ہوشربااضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی سے پریشان ہیں کہ دوسری جانب ان پر پیٹرول بم گرادیا گیاہے،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑکر رکھ دی ہے،مہنگائی میں بدترین اضافے کے باعث مڈل کلاس کا وجود ہی ختم ہوتا جارہاہے،شہری بچوں سمیت خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف عوام براہ راست متاثر ہوتے ہیں بلکہ اس کا اثر اشیاء صرف اور ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں بھی اضافے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ بیوروکریسی کو لگژری گاڑیاں اور مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے اور دوسری طرف عوام پر پیٹرول و بجلی بم گرائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف مہیا کرنے میں ناکام ثابت ہوگئے ہیں،حکومتی وعدے اور دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں، ہونا تو یہ چاہیئے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو ریلیف دیا جاتا اور اشیائے خوردنوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کی جاتی کیوں کہ عوام پہلے ہی بجلی، پانی، گیس جیسے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں پہلے ہی کئی قسم کے ٹیکسوں کے ذریعے عوام سے اضافی رقم وصول کی جارہی ہے جو سراسر ظلم و زیادتی ہے،صورتحال یہ ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام براہ راست متاثر ہوتے ہیں کیونکہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے ساتھ ہی غریب اور متوسط گھرانوں کے ماہانہ بجٹ پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔حکمران اپنی شاہ خرچیاں ترک کر کے عوام کو ریلیف فراہم کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے۔

