لاہور:امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پیٹرل کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے کے اضافے سے مہنگائی کا طوفانِ بدتمیزی آئے گا۔بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمرتوڑ اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدآمد سے ملک میں مہنگائی کے عذاب کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جبکہ اس دوران حکمرانوں کی لوٹ مار اور عیاشیاں بھی کم نہیں ہو رہیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بجلی و گیس اورپٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ موجودہ حکومت انہی افراد پر مبنی ہے جو مہنگائی کے خلاف سب سے زیادہ تقریریں کرتے تھے اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر بجلی کے بل بھی جلا دیتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک کے نعرے لگانے والے عوام دشمن حکمران اپنے اقتدار کے دوران پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخ کا سب سے بڑا ضافہ کر چکے ہیں جو عوام کیلئے ناقابل قبول ہے ۔

