کراچی: جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حالیہ اضافہ عوام کا معاشی قتل عام قراردے دیا، امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے انے ردعمل میں کہا ہے کہ اضافہ ناقابل برداشت بوجھ ہے ،لیوی کے نام پر جگا ٹیکس منظور نہیں ہے۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ دہشتگردوں کی کمر توڑنے کے دعویدار حکمرانوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ایک طرف حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی دوسری جانب چند دنوں کی مہمان حکومت نے46ارب 35کروڑ کے ترقیاتی فنڈ تمام ایم این ایز کو جاری کردیئے ، پنجاب میں بیوروکریسی کیلئے 200لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
سابق ایم این اے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر 20روپے فی لٹر اضافے کو عوام کا معاشی قتل عام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیٹرول بمباری سے حکومت میں شامل پی ڈی ایم کی14جماعتوں کا عوام دشمن چہرہ مزید بے نقاب ہوچکا ہے،پہلے ہی مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ،ناقابل برداشت بوجھ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی کمر توڑکر رکھ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام آخر کب تک ظالم اور سفاک حکمرانوں کی عیاشیوں کو جاری رکھنے کیلئے قربانی دیتے رہیں گے، حکمران اپنی شاہ خرچیوں کو پورا کرنے کیلئے آئی ایم ایف کیلئے قانون سازی،ٹیکسوں کا نظام، مہنگائی، ائرپورٹ،بندرگاہیں،قومی شاہراہوں سمیت قومی اثاثے بیچ رہی ہے ،لیوی کے نام پر جگا ٹیکس لگاکر عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی جبکہ دوسری جانب چند دنوں کی مہمان حکومت نے46ارب 35کروڑ کے ترقیاتی فنڈ تمام ایم این ایز کو جاری کردیئے گئے۔

