لاہور: سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ”روزگار سکیم” کے تحت مستحق افراد میں بلا سود چھوٹے کاروباری قرض اور کاروباری آلات و مشینری،آٹو اور لوڈر رکشا، کمپیوٹر وغیرہ فراہم کرکے لوگوں کیلئے آسان روزگار کی فراہمی میں مدد کررہی ہے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ اس سکیم کے تحت مستحق افراد کو آسان اقساط پر رکشہ یا دیگر چیزیں بلا سود ماہانہ قسط پر فراہم کی جارہی ہے۔ حکومت کے کرنے کے کام جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن خدمت خلق کے جذبے سے کررہی ہے جبکہ بے حس حکمران مہنگائی اور ٹیکسز کے ذریعے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور کمرتوڑ مہنگائی نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان روزگار کیلئے نوکریوں کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نوجوانوں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے منشیات اور جرائم کی طرف مائل ہورہے ہیں جس کے ذمہ دار حکمران طبقہ اور ملک میں رائج کرپٹ نظام ہے۔

