نئی دہلی: بھارت میں نوکری کا جھانسہ دے کر فراڈ کرنے والے شخص کو عدالت نے 110 سال قید کی سزا سنادی۔
بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں دھوکا دہی کے الزامات پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جس سے متعلق شکایت کنندگان کا کہنا تھا کہ اس نے بے روزگاری اور معاشی حالات سے پریشان لوگوں کے حالات کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔
پولیس نے گرفتار کرکے دھوکے باز کو مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں نوکری کا جھانسہ دے کر لوگوں کو دھوکا دینے والے شخص کو 110سال کی سزا سنائی ہے۔
دھوکا دہی کا واقعہ بھارتی شہر بھوپال کے علاقے جبل پور میں پیش آیا۔ شوتم نامی شخص نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں ملازمتیں دلوانے کا جھانسہ دے کر کئی افراد سے فی کس 5 سے 30ہزار روپے وصول کیے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرشوتم نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے نام سے جعلی تقرر نامے بھی تیار کررکھے تھے۔ جب امیدواروں کو اس جعلی دھندے کا علم ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع کی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔واضح رہے کہ دھوکا دہی کا یہ کیس بھارت کی جبل پور سیشن کورٹ میں زیر التوا تھا، جہاں عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے 110سال کی سزا سنائی اور جرمانہ عائد کیا۔

