اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ملک پر لوٹ مار کرنیوالا ٹولہ مسلط ہے جس نے غریب کا جینا دو بھر کر دیا ہے، عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد کے شہریوں کو در پیش مسائل اور ان کے حل ، مہنگائی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فے کے خلاف جی ٹین مرکز تاکشمیر ہائی وے ، آئی نائن اور آئی ٹین تک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی ، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے مو ٹر سائیکل اور کاروں پر سوار ہو کر شر کت کی۔
مظاہرین نے حکومت اور سی ڈی اے کے خلاف پر جوش نعرے لگائے اور بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر مطالبہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت اور اس کے شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی بند کی جائے۔
میاں محمد اسلم نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے پندرہ ماہ میں بدحالی کے ریکارڈ قائم کیے ان 15 ماہ میں شہباز سپیڈ سننے کو ملی مگر شہباز کی وہ سپیڈ تنزلی ، بدعنوانی ، بدحالی اورکرپشن کی سپیڈ تھی جس نے غریب کو مزید غربت میں دھکیل دیا گیا اور ملک بھر کی طر ح اسلام آباد کا بھی بیڑہ غرق کر دیا گیا۔
انھوں نے کہا جماعت اسلامی نے اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک کا آغازکر دیا ہے،پارٹیوں نے 15مہینوں میں ناکام طرز حکمرانی کا 75سالہ ریکارڈ توڑ دیا، بدترین مہنگائی، دہشت گردی سے عوام بری طرح متاثر ، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر آخری دنوں میں بھی غریبوں کو بجلی کے جھٹکے دے رہے اورپٹرول بموں سے حملہ آور ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اپنی مراعات کم نہیں کیں، جماعت اسلامی مراعات یافتہ طبقہ کی مراعات ختم کر کے وسائل کو عوام پر خرچ کرے گی،میاں محمد اسلم نے کہا وفاقی دارلحکومت دنیا کے خوب صورت شہروں میں سے ایک شہر ہے مگر منتخب نمائندوں اور اداروں کی عدم تو جہ کے باعث اسلام آباد مسائلستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔

