لاہور: امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے متنازع مردم شماری کی آڑ میں انتخابات کے التوا آئین کو 24 کروڑ عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالنے سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کی آڑمیں الیکشن کا التوا قوم قبول نہیں کریگی۔
ضیاء الدین انصاری نے کہاکہ بروقت الیکشن اور دیانتدار و اہل قیادت ہی ملک وقوم کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ملک میں خاندانی سیاست کی بدولت کرپشن، جہالت،مہنگائی و بے روزگاری اوربدامنی عروج پر ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے گذشتہ پندرہ ماہ میں ملکی تاریخ کی بلند ترین مہنگائی کرکے عوام کو معاشی بدحال کردیا ہے۔ پندرہ ماہ میں حکمرانوں کا سارا فوکس اپنے اور اتحادیوں کی کرپشن کیسز ختم کروانا اور اپنی شاہ خرچیوں کیلئے آئی ایم ایف سے قرضوں حصول رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مہنگائی نے 24کروڑ عوام کا زندہ رہنا مشکل ترین بنا دیا ہے۔ رہی سہی کسر بجلی اورپیڑول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے پوری کردی ہے۔ گزشتہ 15 ماہ کے عرصے میں پیٹرول کی قیمتوں میں 34 بار رد و بدل کیا گیا اور12 بار عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا۔
ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی نااہل اتحادی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 82 فیصد اضافہ کرکے بدترین کارکردگی کا ثبوت دیا ہے،جماعت اسلامی کا واضح دوٹوک موقف ہے کہ انتخابات اسمبلیوں کی مدت کے خاتمے کے بعد بروقت اور آئین کی متعین کردہ مدت میں ہی ہونے چاہئیں۔

