English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

القمر

کراچی :امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے پاس لانگ مارچ، ٹرین مارچ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کا آپشن بھی موجود ہے،ہمارا احتجاج جاری رہے گا، احتجاج میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 2ستمبر کو مکمل شٹر ڈائون ہڑتال ہوئی، بجلی کے بلوں میں اضافے پر لوگوں نے اپنا ردِعمل ظاہر کیا، لوگوں نے زبردست تحریک کا آغاز کیا ہے، کچھ لوگوں نے کوشش کی تھی کہ 2 ستمبر کی ہڑتال نہ ہو۔ 

امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ تمام مارکیٹیں بند رہیں، پر امن احتجاج ہوا، کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس پر بھی احتجاج کریں گے، تمام پارٹیاں اتحاد بناتی ہیں صرف جماعتِ اسلامی ہے جو اکیلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت زیادہ ہے، 9 ہزار سے زائد میگا واٹ جو ہم استعمال نہیں کر سکتے ان کے پیسے عوام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک قبضہ کرنے والا ادارہ ہے، ہم چاروں گورنر ہائوس پر دھرنا دیں گے، ہمارے پاس لانگ مارچ، ٹرین مارچ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کا آپشن بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دنیا کو بتائیں گے کے الیکٹرک مافیا سب سے بڑا مافیا ہے، وائٹ کالرز کرمنلز کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں، لہذا کے الیکٹرک کے لائسنس کو منسوخ کرنے کی تحریک آگے بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ خود سے احتجاج کرتے ہیں تو انارکی پھیلتی ہے، سوشل میڈیا پر دیکھیں وزرا ء نکلتے ہیں تو لوگ ان کا کیا حال کرتے ہیں ، پچھلی حکومت کے آدھے وزرا دبئی، لندن، امریکہ بیٹھے ہیں اور یہی لوگ پھر واپس آکر پاکستان پر مسلط ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے