لاہور:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی۔ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت نے ملک کو معاشی دلدل میں دھکیل دیا۔
ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پاکستان کو ہی کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیوں دبا وڈالا جا رہا ہے، دنیا میں باقی بھی تو اسلامی ممالک ہیں، ایک پاکستان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ آئینی ترمیم واپس لیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں جو حکومت مسلط کی گئی وہ ایجنڈے پر بنائی گئی تھی،کشمیر کو انڈیا کے حوالے کرنا اور اسرائیل کو تسلیم کرنا ان کا مقصد تھا، میں نہیں دیکھ رہا کہ کوئی آنے والی حکومت ہمیں اس دلدل سے نکال سکے گی، ملک میں پہلے معاشی عدم استحکام لایا گیا اور پھر سیاسی ، معاشی دلدل میں دھکیل کر لڑوانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نے یکجہتی قائم کیے رکھی، یہ ساری باتیں عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دانشوروں کو اسرائیل کو تسلیم کرنے میں تو مفاد نظر آتا ہے لیکن فلسطینی مسلمانوں پرظلم و جبر نظر نہیں آتا،نہ انڈیا، نہ بنگلا دیشی، نہ افغانستان اور نہ ہی ایران کی معیشت پر یہ دبا ڈالا جاتا ہے جو پاکستان پرڈالا جاتا ہے۔
