اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ آئین کے تحت الیکشن کے انعقاد کا اختیار الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس ہے، نگران حکومت کا کام الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کو سہولت اور مدد فراہم کرنا ہے۔
مرتضی سولنگی نے کہاکہ مردم شماری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن اپنے کام میں مصروف عمل ہے، الیکشن کمیشن نے 30 نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا کہا ہے، ہمیں اس آئینی ادارے پر اعتماد کرنا چاہئے،امید ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد الیکشن کا شیڈول جاری کرے گا،الیکشن ایکٹ بہت واضح ہے۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن کی مہم کے لئے تمام جماعتوں کو 54 دن فراہم کئے جائیں گے، ہم آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہیں، قانونی ماہرین کی رائے ہے کہ الیکشن کمیشن ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا، ہم اس کا انتظار کر رہے ہیں۔