لندن: قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف راجا ریاض احمد خان کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اورسابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیراعظم اور (ن)لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے لندن میں ملاقات کی ہے ۔
مسلم لیگ (ن)لیگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راجا ریاض احمد خان نے نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ( ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پرسابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد سحاق ڈار، میاں ناصر جنجوعہ، عطااللہ تارڑایڈووکیٹ ، ملک محمد احمد خان، سینیٹر چودھری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ اورمحمد امجد پرویزایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا ریاض احمد خان کا کہنا تھا کہ میں نے تو پہلے ہی الیکشن کی 15فروری کی تاریخ دی ہوئی ہے، ہفتہ پہلے اورہفتہ بعد ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کاوطن واپسی پر بہت زبردست استقبال ہو گا، میاں نوازشریف کا اپنا ایک ووٹ بینک ہے۔ وہ پاکستان میں مسلم لیگ کی قیادت کرتے ہیں۔ مسلم لیگ پرانی جماعت ہے ، مسلم لیگ کے پیروکارگہرائی تک ہیں اور وہ سمجھتے ہیں مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا۔
ایک سوال پر راجا ریاض کا کہنا تھا کہ اگر (ن)لیگ نے انتخابات سے بھاگنا ہوتا تو پھر نوازشریف واپس پاکستان نہ جارہے ہوتے۔
ملاقات کے بعد راجہ ریاض کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج (ن)لیگ کے قائد میاں محمد نوازشریف، میں نے اور پارٹی نے راجا ریاض احمد خان کوپاکستان مسلم لیگ (ن)میں خوش آمدید کہا ہے اورمجھے پوری امید ہے کہ ان کے مسلم لیگ (ن)میں شامل ہونے سے پارٹی کو بڑی تقویت ملے گی۔
