اسلام آباد: ہائیکورٹ نے افغان خاتون کے خلاف پاکستانی ویزا نہ ہونے کے الزام کے تحت درج مقدمہ خارج کردیا۔
جسٹس بابر ستار نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق آئین پاکستان سیاسی پناہ کا حق تسلیم کرتا ہے، عدالت نے 9 ماہ جیل میں گزارنے والے خاتون کے خلاف درج مقدمہ خارج کردیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق افغانستان میں راحیل عزیزی کو خطرات تھے،جان بچانے پاکستان آئی، سیاسی پناہ یا اسائلم کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا۔عدالت کا کہنا ہے کہ افغان خاتون کو آسٹریلیا کی حکومت بھی ویزا جاری کرچکی ہے، پاکستان میں درج مقدمے کی وجہ سے افغان خاتون آسٹریلیا نہیں جاسکی۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو خاتون کو آسٹریلیا جانے کے لیے اجازت نامہ دینے کا حکم دیدیا۔ فیصلے کے مطابق راحیل عزیزی کیخلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے افغان خاتون راحیل عزیزی کیخلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
