نئی دہلی:بھارت میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 4طالب علموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلب علموں کی فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر بھارتی سیاسی رہنمائوں کے اعتراضات اٹھائے جانے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ریلی میں شریک علی گڑھ یونیورسٹی کے 4طالب علموں کے خلاف سول لائن پولیس اسٹیشن نے ایف آئی آر درج کی ہے جبکہ ریلی میں شریک دیگر کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریبا 100طلبہ ریلی نکالنے کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس کے ڈک پوائنٹ پر جمع ہوئے اور وہاں سے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے اور اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سید گیٹ تک مارچ کرنے لگے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے 4طالب علموں کے خلاف یہ مقدمہ ایک بین الاقوامی مسئلے پر یونیورسٹی انتظامیہ سے اجازت لیے بغیر ریلی نکالنے پر درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابھی تک صرف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فی الحال کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔