راولپنڈی:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ فلسطین کی شام غم عنقریب صبح عید میں تبدیل ہونے والی ہے، غزہ کے عوام نے دشمن پر اپنی ذہنی اور منصوبہ بندی کی برتری ثابت کر دی اور دنیا کو حیران کر دیا۔
راشد نسیم نے کہا کہ جو قومیں فتح حاصل کرتی ہیں، وہ ہتھیاروں اور مادی طاقت سے قبل مخالفین پر ذہنی صلاحیت کے بہتر ہونے کا ثبوت دیتی ہیں، فی الحال فلسطین کے نوجوان، بچے، خواتین، بزرگ قربانیاں پیش کر رہے ہیں جو یقینی طور پر رنگ لائیں گی۔
انھوں نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تصور نہیں کیا جا سکتا تھا کہ افغان قوم اتنی بڑی طاقت کو شکست فاش دے گی، لیکن ساری دنیا نے دیکھا کہ امریکا اور نیٹو افواج رسوا ہو کر افغانستان سے بھاگ گئیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ بانی حماس شہید شیخ احمد یاسین نے پیش گوئی کی تھی کہ فلسطین 2027ء تک آزاد اور اسرائیل ختم ہو جائے گا، ہمیں یقین ہے کہ اللہ کی مددونصرت، ہمت اور استقلال سے ظلم و جبر کا مقابلہ کرنے والوں کو ضرور حاصل ہو گی۔
