امریکا:اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری کے غزہ پراسرائیلی بمباری روکنے کے مطالبے پراسرائیل سیخ پا ہوگیا،اقوامِ متحدہ کے عہدیداروں کو ویزا نہ دینے کی دھمکی دے ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر گیلاد اردن نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے حالیہ بیانات کے بعد اقوامِ متحدہ کے عہدیداروں کو ویزا دینے سے انکار کر دے گا۔
اسرائیلی سفارت کار کا خیال ہے کہ گوتیرس کے بیانات اسرائیل پر حماس کے حملے کا جواز پیش کرتے ہیں۔
اردن نے بدھ کے روز اسرائیلی آرمی ریڈیو کو بتایا کہ ان کے بیانات کی وجہ سے ہم اقوام متحدہ کے نمائندوں کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیں گے، ہم پہلے ہی انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس کو داخلے کا ویزہ دینے سے انکار کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انہیں سبق سکھانے کا وقت ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ فلسطینیوں کو 56 سال سے غاصبانہ قبضے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، گوتیرس کے بیانات غزہ میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کی مذمت اور فوری جنگ بندی کے مطالبات پر مشتمل تھے۔
