کوالالمپور: ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر مسلسل بم باری اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ملائیشیا میں بھی منگل کے روز فلسطینیوں کے حق میں عوام نے بڑا اجتماع منعقد کرکے دنیا پر ظاہر کردیا کہ وہ فلسطین اور وہاں کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مظاہرین ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھائے اور روایتی فلسطینی اسکارف اور رومال اوڑھے ہوئے تھے۔مظاہرین فلسطین کو بچاو ، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو کے علاوہ دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہو گا کے نعرے لگا رہے تھے۔
اظہار یکجہتی کے لیے اس بڑی ریلی کو ملائیشیا فلسطین کے ساتھ ہے کا نام دیا گیا تھا، جس کا انعقاد دارالحکومت کے جنوب میں ایگزیاٹا ارینا اسٹیڈیم میں کیا گیا ۔ جہاں 16000نشستوں کا اہتمام تھا۔ وزیر اعظم انور ابراہیم نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملائیشیا کے لوگ کل بھی فلسطینیوں کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور آنے والے کل کو بھی فلسطینیوں کے ساتھ ہوں گے ۔
