اسلام آباد:نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر پیشہ ورانہ انداز میں کام جاری ہے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن کی 201 سے زائد رکن کمپنیوں نے اب تک پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور 85 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو روزگار دیا۔
انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات چائنیز انٹر پرائزز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ چائنیز انٹرپرائزز کی کوششوں کو فروغ اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک دن بھی ایسا نہیں گذرتا جب ہم میڈیا پر سی پیک منصوبوں میں چائنیز انٹرپرائزز کی جانب سے ہونے والی پیشرفت کے بارے میں نہ سنتے ہوں۔چائنیز انٹر پرائزز نے جس پیشہ ورانہ مہارت اور مستقل مزاجی سے عالمی وبا کے باوجود سی پیک پر کام جاری رکھا جب دنیا کے تقریبا ہر منصوبے میں رکاوٹیں تھیں، پاکستان اور چین کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی میڈیا نے بھی ان کوششوں کو سراہا۔
