اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ملاقات کی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اہم ملاقات میں نگراں وزیراعظم کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز اور مطلوبہ سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے تمام ضروری تیاری کرلی ہے۔ پولنگ اسٹیشنز اور اسٹاف کی فہرستیں بھی تیار کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میٹریل کی چھپائی کا کام بھی آخری مراحل میں ہے جب کہ تمام اضلاع میں جلد ہی انتخابی فہرستیں پہنچانے کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔ الیکشن کمیشن بروقت انتخابات کے انعقاد اور انتخابی شیڈول جاری کرنے کا پابند ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے دورے کی دعوت بھی دی۔
نگراں وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر کو عام انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور حکومتی تعاون، فنڈز اور مطلوبہ سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔