اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کیس میں نیب میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو190 ملین پاونڈ اسکینڈل میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا جس پر انہوں نے نیب کے دفتر میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔
بشری بی بی نے اپنے وکیل نعیم پنجوتھا کے ذریعے نیب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے نیب سے آئندہ ہفتے نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو ڈھائی بجے نیب دفترپیش ہونے کیلئے 3 نومبرکونوٹس جاری کیا گیا، چند وجوہات کے باعث آج نیب دفتر پیش نہیں ہوسکتی اس لیے نیب میں پیشی سے متعلق التوا کی درخواست ہے۔
بشری بی بی کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کی بالادستی کیلئے نیب کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہوں، نیب تحقیقات کی اہمیت کو سمجھتی ہوں لہذا پیشی آئندہ ہفتے مقرر کی جائے۔۔