ریاض: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ علیحدہ فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں او آئی سی اور عرب لیگ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ علیحدہ فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا واحد حل ہے، غزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمے داری سلامتی کونسل پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے قرارداد کے ذریعے 70 سال پہلے مسئلہ فلسطین کا حل دیا تھا، پاکستان کا مطالبہ ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں ںے کہا کہ معصوم فلسطینیوں کا قتل مزید تنازعات کے پیدا ہونے کا سبب بنے گا۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ پراسرائیلی بمباری سے اسپتال، اسکول، یواین دفاتربھی محفوظ نہ رہے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی پرزورمذمت کرتا ہوں، پاکستان 1967 کی سرحدوں کےمطابق ریاست فلسطین کے قیام کاحامی ہے۔غزہ میں فوری انسانی ہمدردی کےتحت امدادکی فراہمی یقینی بنائی جائے، پاکستان نے2 طیاروں پرمشتمل امدادغزہ بھجوائی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی ان ظالمانہ کارروائیوں اور غزہ کے غیر انسانی و غیر قانونی محاصرے کو نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں، بڑے پیمانے پر تباہی اور نقل مقانی کا ذمے دار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج فلسطین میں بین الاقوامی انسانی قوانین اور انسانی حقوق کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہیں اسرائیلی افواج کا مسلسل اور بلاتفریق نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔