فلسطین میں اسرائیلی کی جانب سے الشفاء اسپتال پر بمباری کرکے معصوم بچوں کو شہید کیا گیا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔حماس کے مجاہدین نے صیہونی افواج کو شکست دے دی ہے۔صیہونی افواج زمینی راستے سے حما س کے مجاہدین سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی پریس کلب کی دعوت پر میٹ دی پریس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج فلسطین کے بچوں اور عام شہریوں پر بمباری میں مصروف ہے۔ امریکہ، فرانس اور برطانیہ اسرائیلی کے مسلمانوں پر مظالم کے باوجود اس کی پشت پناہی کررہے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کررہے ہیں ۔ایسے وقت میں عرب ممالک کو بھی فلسطین کی پشت پناہی کرنا چاہئے اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ اور دفاع کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ او آئی سی کے اجلاس میں متفقہ طور پر اسرائیل کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف اقدامات کرنے کی بات کی جاتی، کوئی جامع حکمت عملی وضع کی جاتی۔ جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والے اسرائیل کے خلاف فیصلہ کیا جاتا۔ مگر بدقسمتی سے او آئی سی اجلاس میں سوائے مذمتی بیان کے کچھ نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں بھی حماس مجاہدین کی جانب سے اسرائیلی افواج کو بھرپور مزاحمت کا سامنا ہے اور ایک ماہ سے زائدکا عرصہ گزرنے کے باوجود کے مجاہدین کی مزاحمت اور جدوجہد نے ثابت کردیا ہے کہ جنگیں جدید اسلحے اور ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبہ ایمانی سے لڑی جاتی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر کراچی پریس کلب کے ذمہ داران اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہو ں نے اس اہم مسئلہ پر میٹ دی پریس کا انعقاد کیا۔
