کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نگراں حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انتہائی معمولی کمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف مہنگائی میں کمی کی خوشخبریاں دے رہی ہے دوسری طرف مہنگائی کو بڑھانے اور عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافے کے اقدامات کر رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی نہیں کرے گی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرے گی تو پھر مہنگائی کس طرح کم ہو سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے نگراں حکومت سے کہا کہ اس کا کام معمول کی حکومتی سرگرمیاں اور صاف شفاف انتخاب کروانا ہے، وہ صرف ان امور پر ہی توجہ دے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے، پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے اور مہنگائی کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے آئی ایم ایف سے بار بار قرضوں کے پروگرام لینے کے باعث قومی معیشت تباہ ہوئی اور عوام بدحال ہوئے، نگراں حکومت بھی آئی ایم ایف سے ایک اور پروگرام لینے کا عندیہ دے رہی ہے، یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہا تو نہ عوام کی بدحالی دور ہو گی اور ہی قومی معیشت مستحکم ہو سکے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارااور ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے شکنجے میں جکڑنے والے حکمرانوں سے نجات حاصل کئے بغیر عوام کی حالت بہتر نہیں ہو سکتی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ نگراں حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ثابت ہو رہی ہے ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
