اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور امریکی سفیر ڈونلڈ لو کی ملاقات کے اعلامیے کے مندرجات اس سازش کا تسلسل ہیں جس کے تحت عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا، اس ملاقات کے اعلامیے کے بعد سازش پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے اقتدار کیلئے ہر داخلی و خارجی بیوپاری سے پاکستان کے مفادات کی سودے بازی کی، نوازشریف جب بھی وزارتِ عظمیٰ تک پہنچا قومی مفاد کو ملکی و غیرملکی طاقتوں کے ہاں گِروی رکھ کر پہنچا، الیکشن کمیشن آف پاکستان مذکورہ اعلامیے کے مندرجات کا فوری نوٹس لے اور دفترِ خارجہ کے ذریعے امریکی سفارت خانے اور امریکی انتظامیہ سے معاملے کی وضاحت طلب کرے۔