بیت المقدس : غزہ پر صہیونی فوجیوں کی 44روز سے وحشیانہ بمباری جاری ہے، گزشتہ 24گھنٹوں میں 2پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کرکے 37 فلسطینیوں کو مزید شہید کردیا ، جس میں 2صحافی بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فوجیوں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ اور اقوام متحدہ کی جانب سے عارضی قائم کردہ اسکول الفاخورہ اور تل الزعتر کو بمباری کرکے تباہ کردیا، جس میں 2 صحافیوں سمیت متعدد بچے، خواتین اور بزرگ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری سے ہونے والی تباہ شدہ عمارتوں سے زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہدا کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 27 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی ادارے اسرائیلی بمباری پر شروع سے اب تک صرف مذمتی بیان ہی دے رہے ہیں، روس اور یوکرین کی جنگ میں عالمی اداروں نے فوری طور پر روس پر پابندیاں عائد کی تھیں لیکن اسرائیل کی طاقت کے آگے عالمی ادارے خاموش ہیں۔