اسلام آباد: ملک بھر میں شدید دھند چھائی رہی ، موٹروے سمیت اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے بند کی گئیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق لاہور میں موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے ننکانہ صاحب تک دھند کے باعث بند کردیا گیا، نارووال کی صورتحال نارووال کرتاپور اور گردونواح میں دھند اندھا دھند ہونے کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، حد نگاہ 5 میٹر سے بھی کم رہ گئی، مریدکے روڈ، نیو لاہور روڈ ، سیالکوٹ روڈ اور اندرون شہر میں چلنے والی ٹریفک انتہائی سست روی کا شکار رہی ، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ڈرائیور حضرات کوٹریفک پولیس کی جانب سے ہدایت جاری کی گئیں کہ اپنی رفتار کم رکھیں اپنی سائیڈ پر سفر کریں، ڈبل انڈیکٹر کا استعمال کریں۔
سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ شکارپور کی صورتحال شکار پور میں دھند میں اضافے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، گردونواح کے علاقوں میں دھند کا راج قائم، حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، شکارپور سمیت دیگر علاقوں میں شدید دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا اورسڑکیں ویران ہو گئیں، لوگ گھروں تک محدود رہ گئے،انڈس ہائی وے نیشنل ہائی وے پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی، دھند کی وجہ سے شہریوں اور مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے ٹریفک حکام نے ڈرائیور حضرات کو فوگ لائیٹ استعمال کرنے کی ہدایت کر دی، دھند کے باعث شہر بھر کی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اوباڑو شہر کی صورتحال موٹروے پولیس کے مطابق اوباڑو شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں علاقوں میں دھند کا راج برقرار رہا، دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، شہری غیرضروری سفر سے اجتناب کریں، موٹروے ایم 5کو سکھر سے ملتان اور رحیم یار خان سے ظاہر پیر تک ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔
دھند کے باعث سردی میں کافی حد تک اضافہ ہوگیا اور شدید دھند کی وجہ سے متعدد علاقوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
