
مکہ مکرمہ: ماہ صیام کی 27 ویں شب کو دنیا بھر سے آئے ہوئے فرزندان توحید نے حرمین شریفین میں تراویح میں شرکت اور دیگر عبادات کیں۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق حرم مکی اور حرم مدنی میں مقامی افراد کے علاوہ دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین اور معتمرین نے رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو تراویح میں شرکت کی اور دیگر نوافل کے ساتھ ساتھ گڑگڑا کر اللہ کے حضور دعائیں مانگیں۔
میڈیا میں جاری ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد الحرام میں تراویح کے موقع پر مطاف سے لے کر چھت تک اور تمام توسیعی مقامات کے علاوہ سڑکیں، کاروباری مراکز، ہوٹل، فٹ پاتھ ہر جگہ نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔
حرمین شریفین کے امور کے نگراں ادارے کی جانب سے نمازیوں کے لیے آنے والوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ زائرین کے آنے اور واپسی کے راستے علیحدہ رکھنے سمیت آب زم زم کا بندوبست اور دیگر سہولیات کو احسن طریقے سے فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر رش کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے علاوہ اضافی اہل کار بھی تعینات کیے گئے تھے۔
مکہ مکرمہ کے علاوہ مدینہ منورہ میں بھی حرم مدنی (مسجد نبوی) میں لاکھوں افراد نے 27 ویں شب کو ترایح میں شرکت کی۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق ماہ صیام کے ابتدائی 20 روز میں حرم مدنی آنے والے زائرین کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر چکی تھی۔ اسی طرح روضہ رسولؐ پر سلام کے لیے تقریباً 17 لاکھ افراد حاضر ہوئے۔ اس کے علاوہ ریاض الجنۃ کے لیے بھی تقریباً 4 لاکھ مردوں اور 3 لاکھ خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے تھے۔
