غزہ: اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں عید کے دوسرے روز بھی صہیونی افواج نے بمباری کرکے مزید 67 فلسطینی شہید کردیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 63 فلسطینی شہید اور 45 زخمی ہوئے ہیں،جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے اسرائیلی جارحیت میں اب تک 33 ہزار 545 فلسطینی شہید جبکہ 76 ہزارسے زائد زخمی ہوچکے ہیں، اسرائیلی بمباری میں کئی ہزار فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار داد منظور ہونے کے بعد بھی اسرائیلی درندگی جاری ہے، عالمی ادارے اسرائیل پر پابندیاں لگانے کے بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

