اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے کمی کی گئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
قیمت کم ہونے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 288.49 روپے سے کم ہوکر 273.10 روپے ہو گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 281.96 سے کم ہوکر 274.08 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
قبل ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پیٹرول اور ڈیزل کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 86 پیسے کی کمی ہوئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 7 روپے سے زائد کی کمی ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

