غزہ: فلسطینی علاقے کے وسط میں پناہ گزین کیمپ میں ایک مکان کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 20 افراد شہید ہوگئے۔
الاقصیٰ شہداء ہسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ وسطی غزہ میں النصیرات پناہ گزین کیمپ میں حسن خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 20 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجے کے قریب ہوا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ اس رپورٹ کی جانچ کر رہی ہے۔
فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں اور امدادی کارکن ملبے تلے دبے لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔
مئی کے اوائل میں فوج نے جنوبی شہر رفح پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک “ٹارگٹڈ” آپریشن شروع کردیا جس سے مرکزی نصیرات کیمپ میں شدید لڑائی اور بھاری اسرائیلی بمباری کی اطلاع ملی ہے۔
حماس اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں بھی کئی دنوں سے جھڑپیں جاری ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ غزہ بھر میں رات کے وقت فضائی حملوں میں کئی دیگر مکانات کو نشانہ بنایا گیا، اور یہ کہ فضائی حملے اور توپ خانے کی گولہ باری بھی رات کے وقت رفح کے کچھ حصوں پر ہوئی ہے ۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ گزشتہ روز غزہ میں مزید دو فوجی مارے گئے۔
