کراچی:کئی کئی گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ کے بعد بھی کے الیکٹرک کی جانب سے سرکاری اداروں پر اربوں روپے کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک نے سرکاری اداروں پر 10 سال میں 20 ارب روپے کی اضافی بلنگ کی، رواں سال بھی آڈٹ کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے 2 ارب روپے سے زائد کی اوور بلنگ ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ اوور بلنگ سے بچاو کے لئے کے الیکٹرک کو اسمارٹ میٹر کے لئے اربوں روپے فراہم کیے گئے تھے، تاحال سرکاری اداروں میں اسمارٹ میٹرز نصب نہیں کیے، کے الیکٹرک نے سندھ حکومت سے تاحال ایم او یوز نہیں کیے، سرکاری اداروں پر اتنی اوور بلنگ ہوئی تو شہریوں کی حالت کیا ہوگی؟
ناصر شاہ نے کہا اوور بلنگ سے شہریوں کو بچانے کے لئے حکومت ایک مشترکہ کمیٹی بنائے گی، حکومت سندھ کراچی والوں کو کے الیکٹرک کے ظلم کا شکار نہیں ہونے دے گی۔
