اسلام آباد:حکومت نے ارکان پارلیمان کی ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے نئے مالی سال2024-25 کے بجٹ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی وجہ سے وفاقی ترقیاتی پروگرام میں غیرمعمولی تبدیلیاں کرتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ کی صوابدیدی ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ الیکشن سال کی وجہ سے رواں مالی سال ارکان پارلیمنٹ کو 61ارب روپے کی اسکیمیں دی گئی ہیں۔
آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی تجویز پر صوبائی نوعیت کے منصوبوں پر فنڈنگ بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کا ترقیاتی بجٹ 26ارب روپے سے کم کرکے 17 ارب روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح تعلیمی شعبے کا ترقیاتی بجٹ 83 ارب روپے سے کم کے 32ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سڑکوں، شاہراہوں اور موٹرویزے کا ترقیاتی بجٹ 245 ارب روپے سے کم کے 173 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

