English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئی ایم ایف نے ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کا مطالبہ کردیا

Next loan tranche

اسلام آباد: آئی ایم ایف کی جانب سے پارلیمنٹ کے ارکان اور سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ دہرایا ہے کہ ارکان پارلیمان اور سرکاری افسران کے اثاثے ظاہر کرنے  کے معاملے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) نے ارکان پارلیمنٹ اور ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری چھاپنے کا سلسلہ بھی بند کردیا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے نئے مالی سال کے بجٹ میں کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی تجویز کی ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوامی عہدے رکھنے والوں اور  سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کیے جائیں۔ اسی طرح حکومت وزیروں، ارکان پارلیمان اور سرکاری  افسران  کے اثاثے عوامی سطح پر ظاہر کرنے کے لیے پورٹل بنانے میں ناکام رہی ہے۔

آئی ایم ایف نے اثاثے ظاہر کرنے کے لیے تاحال پورٹل نہ بنائے  جانے پر حکومت سے اظہارِ تشویش بھی کیا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے معاہدے کے تحت پورٹل بنا کر اثاثے پبلک کرنے کی پابند ہے کیوں کہ آئی ایم ایف کی جانب سے کابینہ کے ارکان، اسمبلی کے ارکان اور سرکاری افسران کے اثاثے عام کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے افسران کے لیے ایک پرفارما بنایا تھا۔ اسی طرح بینک بھی سرکاری افسران کے نئے اکاؤنٹ کھولتے وقت اثاثوں کی تفصیلات لینے کے پابند ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے