کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے عید الاضحی کے موقع پر امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ سے گھر جاکر ملاقات کی،ملاقات میں امیر کراچی منعم ظفر خان سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
فوزیہ صدیقی نے حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران ہر سال عید کی خوشیوں میں ہمارے ساتھ شریک ہوتے ہیں اور ہمارا حوصلہ بڑھاتے ہیں، ڈاکٹر عافیہ سے ہماری ملاقات میں ایک شیشے کی دیوارحائل تھی جس میں ایک دوسرے کی آواز سننا بھی مشکل تھا،میری ہمشیرہ کی حالت انتہائی خراب ہے، اس پر تشدد کیا جاتا ہے اور اذیت پہنچائی جاتی ہے،میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے اقدامات کرے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی 21 سال سے امریکا کی جیل میں قید ہیں، سابق جنرل پرویز مشرف نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو چند ڈالر وں کے عوض امریکا کے حوالے کیا تھا اور انہوں نے پاکستان کو امریکا کی کالونی بنادیا تھا اور امریکی جنگ میں پاکستان کو شامل کردیا تھا جس کے نتیجے میں بلیک واٹر، سی آئی اے اور را پاکستان میں اپنی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ قاضی حسین احمد مرحوم،سید منورحسن مرحوم اور سراج الحق سمیت دیگر ذمہ داران باقاعدگی سے عید کے موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ان کی والدہ سے ملاقات کے لیے آتے رہے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہیں، جماعت اسلامی نے ہمیشہ ان کی رہائی کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ 21 سال میں کئی حکومتیں آئیں اور چلی گئیں اور سب ہی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے آتے تھے لیکن عملا کچھ نہیں کیا۔

