English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معاشی استحکام کیلیے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں کردار ادا کر رہیں گی،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف لاہور اور صدرمملکت آصف علی زرداری نواب شاہ میں نماز عیدالاضحی اداکررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر ملائیشیا، کویت قازقستان کے سربراہان ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ،پاک افواج کے سربراہان، صدر مملکت ،صوبوں کے گورنرز ، وزرائے اعلیٰ ،آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم اورسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطے کر کے عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی،مسلم ممالک کے رہنمائوں سے ہونے والے رابطوں میں تعلقات کی مضبوطی ،غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو دگنا کرنے اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے ملائشین وزیراعظم داتوک سیری انور ابراہیم کوفون پر مبارکباددی اوردونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات ، امت مسلمہ کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ غزہ میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت میں فلسطینی کاز پر ملائیشیاکے اصولی اور مستقل موقف کو سراہا اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی،رہنمائوںنے دونوں ممالک کے عوام کے لیے عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ 3،4 جولائی 2024 کو آستانہ، قازقستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت کے اجلاس میں اپنی شرکت کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے برادر عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کااظہار کیا۔ عید الاضحی کے موقع پر وزیر اعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی فون پربات چیت کی دونوں رہنمائوں میں عید الاضحی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا۔ رابطے میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اوردونوں رہنمائوںنے پاکستان کی بہتری کے لیے مل کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افواج پاکستان کے سربراہان کو بھی ٹیلیفون کر کے عید الاضحی کی مبارکباد دی۔انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربرہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔افواجِ پاکستان کے سربراہان کی پیشہ ورانہ قیادت میں ہمارے جوان وطن کے دشمنوں اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی رہنمائوں سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری،مولانا فضل الرحمن، چودھری شجاعت حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل ، آفتاب شیرپا ئواور پروفیسر ساجد میر،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ، نیشنل پارٹی کے صدر عبد المالک بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے عید الاضحی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔وزیراعظم کاکہنا تھا کہمعاشی استحکام کیلیے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں کردار ادا کرتی رہیں گی،عوام کوریلیف دینے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے،دن رات محنت کرکے پاکستان کودنیامیںکھویا ہوامقام واپس دلائیںگے۔وزیراعظم نے صدر آزاد جموں و کشمیر سلطان محمود چودھری اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق سے ٹیلی فون پر عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ اور نیک خواہشات کا اظہار اورعید الاضحی کے موقع پر قومی اتحاد و یگانگت کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے